حیدرآباد،19/ جون (آئی این ایس انڈیا) فضائیہ کے سربراہ آر کے ایس بھدوریا نے ہفتے کے روز کہا کہ ایئر فورس ہدف کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایئر فورس ہدف کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہے اور لداخ کی وادی گلوان میں ہمارے جوانوں کی قربانی کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دے گی۔انہوں نے کہاکہ یہ بات بالکل واضح ہونی چاہئے کہ ہم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مناسب جگہ پر پوری طرح تیار اور تعینات ہیں۔ میں ملک کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور اپنے گلوان کے جوانوں کی قربانی کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
بھدوریا نے کہاکہ ہماری مسلح افواج ہر وقت تیار ہے۔لداخ میں واقع لائن آف ایکچول کنٹرول کی صورتحال اس بات کا ایک چھوٹا سا نظارہ ہے کہ ہمیں بہت ہی کم وقت میں صورتحال سے نمٹنے کے لئے کیا کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ فوجی مذاکرات کے دوران طے پانے والے معاہدوں کے بعد چین کی ناقابل قبول کارروائیوں اور نتیجے میں جان کی بازی ہار جانے کے باوجود تمام تر کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ لائن آف ایکچول کنٹرول کے ساتھ موجودہ صورتحال پر امن طور پر حل ہو۔